کولکاتہ،05؍ ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) جنوبی کولکاتہ کا ماجھیرہاٹ فلائی اوورمنہدم ہونے کے معاملہ میں زخمیوں کی تعداد بڑھ کر 24 ہو گئی ہے۔ حادثے میں ایک شخص کی گزشتہ دیر شام علاج کے دوران موت ہو گئی تھی۔ کولکاتہ پولیس ہیڈکوارٹر کے ایک سینئر اہلکار نے بدھ کی صبح اس کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ منگل دیر رات دس بجے تک پل کے ملبے میں 21 لوگوں کو نکالا گیا تھا۔ ان میں سے ایک شخص کو ایس ایس کے ایم اسپتال میں مردہ قرار دے دیا گیا تھا، جبکہ باقی 20 زخمیوں کا ایس ایس کے ایم اورسی ایم آر آئی اسپتال میں علاج چل رہا تھا۔اس دوران مزید لوگوں کے دبے ہونے کے خدشہ کے پیش نظر رات بھر برج کے ٹوٹے ہوئے حصے کو ہٹا کر تلاشی مہم چلائی گئی، جس کے بعد چار اور زخمیوں کو نکالا جا سکا ہے۔ اس لحاظ سے واقعہ کی زد میں آئے لوگوں کی تعداد بڑھ کر 25 ہو گئی ہے، جن میں 22 مرد اور 03 خواتین ہیں۔ ان میں سے ایک مرد کی موت کی تصدیق ڈاکٹروں نے منگل کی شام کو ہی کر دی تھی اور باقی 24 لوگوں کا علاج چل رہا ہے۔پولس افسر نے بتایا کہ ایس ایس کے ایم اسپتال میں 11 افراد زیر علاج ہیں جبکہ 03 لوگوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد چھوڑ دیا گیا ہے۔ اسی طرح سے سی ایم آر آئی اسپتال میں نو افراد کو داخل کیا گیا تھا، جن میں سے پانچ لوگوں کو ابتدائی علاج کے بعد چھوڑ دیا گیا ہے اور چار لوگوں کا علاج چل رہا ہے۔ایک دیگر شخص کا علاج ودیا ساگر اسپتال میں ہو رہا ہے۔ واضح ہو کہ منگل کی دوپہر4بج کر40منٹ پر ماجھیرہاٹ پل کا ایک حصہ اس وقت اچانک منہدم ہو گیا تھا جب پل پر ٹریفک خوب تھا۔ایک بس کے گزرنے کے دوران پل کا حصہ ٹوٹ کر نیچے گرپڑا۔ حادثہ میں ایک شخص کی موت ہو گئی جبکہ 24لوگ زخمی ہو گئے ہیں۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اس کی تحقیقات کے لئے چیف سکریٹری ملے دے کی قیادت میں اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ ساتھ ہی مرنے والوں کے اہل خانہ کو 5لاکھ روپے کی مالی مدد دینے کا اعلان کیا ہے۔ زخمیوں کے علاج کا تمام خرچ ریاستی حکومت برداشت کررہی ہے۔ اس کے علاوہ انہیں 50ہزار روپے کی مالی مدد بھی دی جائے گی۔